کراچی میں خواتین مسافروں کے لیے پنک بسیں اب خواتین ڈرائیورز چلائیں گی
— August 3, 2023
کراچی ( اے آئی اے ) کراچی میں خواتین مسافروں کے لیے پنک بسیں اب خواتین ڈرائیورز چلائیں گی یہ فیصلہ گذشتہ روز سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) کے 10ویں بورڈ اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کی، جب کہ سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی، ایس ایم ٹی اے کمال دیو، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ، پی اینڈ ڈی کے نمائندے سکندر شیخ اور سی ای او ٹرانس کراچی طفیل پلیجو سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ کے 9 ویں اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔کابینہ کی منظوری کے بعد پیپلز بس سروس کے لیے زر تلافی فراہم کرنے پر غور کیا گیا، جب کہ پنک بسز کے لئے خواتین ڈرائیورز کے لیے تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے خواتین مسافروں کوسفر کے دوران سہولت میسر ہونےکے ساتھ ساتھ ان میں تحفظ کا احساس بھی بڑھے گا