کوئٹہ میں انسداد پولیو سینٹر کے قریب دھماکہ 15 افراد ہلاک
— January 13, 2016
کوئٹہ (اے آ ئی اے ) کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسدادِ پولیو سینٹر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع انسداد پولیو سنٹر پر منگل کے روز علی الصبح مبینہ طور پر خودکش حملہ ہوا ہے جس کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ خودکش حملہ آور نے پولیو سنٹر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ قریب کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ خودکش حملے کے بعد نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ فائرنگ اور خودکش حملے کے نتیجے میں پولیس اور ایف سی اہلکار سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دھماکے کے بعد سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، سول ہسپتال میں لائے گئے اکثر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکا ممکنہ طور پر خودکش ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع گذشتہ 3 روز سے انسدادِ پولیو مہم جاری ہے اور مذکورہ سینٹر سے پولیو ٹیموں کو مختلف علاقوں میں بھیجا جا رہا تھا۔