گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی مستعفی ہوگئے

گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی مستعفی ہوگئے

abbasi

پشاور ( اے آ ئی اے )  صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کو اپنا تحریری استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد عباسی نے ایک پریس کانفرنس میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سردار مہتاب عباسی کے استعفے کو منظور کرنے کے بعد حتمی منظوری کے لیے صدر ممنون حسین کو بھجوا دیا ہے۔  سردار مہتاب خان عباسی نے 14 اپریل سنہ 2014 کو گورنر خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ۔مسلم لیگ (ن) سے وابستہ سردار مہتاب احمد خان عباسی نے اپنے 30 سالہ سیاسی کیریئر کے دوران سنہ 1997 سے 1999 تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی فرائض انجام دیے۔  سردار مہتاب عباسی کو ایک ہی صوبے کے گورنر اور وزیر اعلیٰ ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔سنہ 2008 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تھی سردار مہتاب اس وقت کابینہ میں وفاقی وزیر ریلوے مقرر ہوئے تھے لیکن بعد میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد قائم نہ رہا تو وہ مستعفی ہوگئے تھے۔  سردار مہتاب عباسی سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مہتاب عباسی کے استعفی کی روشنی میں خیبر پختونخوا کے نئے گورنر کے لیے ناموں کو بھی حتمی شکل دے دی ہے جس پر آئندہ 24 گھنٹوں میں فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل مہتاب عباسی نے پارلیمانی سیاست میں دوبارہ قدم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کو بحیثیت گورنر استعفیٰ دینے سے آگاہ کر دیا تھا۔

About author