پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط
— January 5, 2016
کولمبو ( اے آئی اے ) پاکستان اور سری لنکا نے انسداد دہشت گردی، دفاعی پیداوار، تجارت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت 8 شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دو طرفہ تجارت حجم کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کا عالمی اور علاقائی امور پر موقف یکساں ہے اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے سری لنکن صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیدی انہوں نے یہ دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وفود کے ہمراہ سری لنکا صدر میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کی، وفود کی سطح پر ہونیوالی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک انسداد دہشت گردی کیلئے ملکر کام کریں گے اور کیونکہ دونوں ممالک کا عالمی و علائی امور پر موقف یکساں ہے، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار، تعلیم، صحت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت، جیولری سمیت آٹھ شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان اور سری لنکا باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے مواقع موجود ہیں اور باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف پورا کریں گے، سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ عالمی اور علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور پاکستان انسداد دہشت گردی کے لئے سری لنکا کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہے، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدام پر مل کر کام کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی مشقوں میں سری لنکا کی شرکت کرنا خوش آئند بات ہے، دونوں ممالک مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر تعاون کریں گے۔ وزیراعظم نے سری لنکن صدر کی جانب سے مہمان نواز اور شاندار استقبال پر حکومت سری لنکا اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں، دونوں ممالک سائنس وٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ سری لنکن صدر نے وزیراعظم نواز شریف کا سری لنکن میں 20 سالہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی طرف سے فراہم کیے گئے تعاون پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ڈی پیز کے بحالی کیلئے پاکستان کی مدد چاہتے ہیں، سری لنکا کے صدر نے کہا کہ نادرا بائیو میٹرک سسٹم سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اس ضمن میں پاکستان سے باقاعدہ درخواست کی ہے جس پر پاکستان نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر، وزیر تجارت خرم دستگیر، مشیر خارجہ طارق فاطمی اور دیگر وفاقی سیکرٹری بھی موجود تھے۔