پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا 88واں یوم پیدائش
— January 5, 2016
کراچی ( اے آئی اے ) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین، سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا 88واں یوم پیدائش 5 جنوری بروز منگل منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بھٹو کی سالگرہ کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں کیک کاٹے گئے جبکہ پارٹی رہنمائوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے پیش کی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پارٹی چیئرمین کی سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہوئے وہ پاکستان کے وزیر خارجہ، وزیراعظم اور صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد سیاسی رہنما تھے جنہوں نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر غریب کے گھروں تک پہنچا دیا اس لیے انہیں قائد عوام کا خطاب عطاء ہوا۔ ان کی شہادت کے بعد ان کی بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے باپ کی پیروی کرتے ہوئے ملک کیلئے جان قربان کر دی۔ ذوالفقار علی بھٹو کو 4 اپریل 1979ء کو شہید کر دیا گیا تھا وہ گڑھی خدا بخش میں دفن ہیں۔