مظاہرین پر گولیاں چلانا ظلم کی انتہا ہے ، عمران خان
— February 3, 2016
پشاور ( اے آ ئی اے ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بے روزگاری کے ڈر سے مظاہرہ کرنے والوں پر گولیاں چلانا ظلم کی انتہا ہے ، مہنگائی اور نجکاری کے خلاف چھ فروری کے احتجاج میں خود شرکت کروں گا، کے پی کے میں تبدیلی آچکی ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا قومی ائر لائن کے ملازمین کو خوف ہے کہ نجکاری کے بعد وہ بے روزگار ہوجائیں گے۔ حکومت مظاہرین کے خدشات دور کرنے کی بجائے ان پر گولیاں اور بلڈوزر چلا رہی ہے جو انتہائی ظلم اور بربریت ہے۔ ضیاالحق کے دور میں اتنے ظلم عوام پر نہیں ہوئے جتنے موجودہ دور حکومت میں ہورہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری اور نجکاری کے خلاف چھ فروری کو اسلام آباد اور کراچی کے احتجاج میں خود شرکت کروں گا، ملک میں جتنی بے روزگاری آج ہے اتنی کبھی بھی نہیں تھی، انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پی کے میں تبدیلی آچکی ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں خیبر پی کے خصوصاً پشاور دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے دہشت گردی کے باعث پشاور کے شہری اسلام آباد اور دیگر شہروں میں منتقل ہوگئے ہیں ان لوگوں کو واپس پشاور لائیں گے، پشاور کے تفریحی مقامات کو بحال کریں گے اور نئے سینما ہاﺅسز تعمیر کر کے دوبارہ سے رونقیں بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آمر بنے ہوئے ہیں۔