اے ڈی خواجہ آئی جی پولیس سندھ تعینات
— March 12, 2016
اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے سندھ حکومت کی درخواست پر غلام حیدر جمالی کی جگہ اے ڈی خواجہ کو نیا آئی جی مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کو اے ڈی خواجہ، اور نثار مہر سمیت 3 نام ارسال کئے تھے، وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مشاورت کے بعد اللہ دینو خواجہ کو نیا آئی جی سندھ پولیس مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے اور بہت جلد اس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔ اے ڈی خواجہ کا تعلق صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان سے ہے اور وہ سندھ کے 6، 7 اضلاع میں بطور ایس ایس پیز بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں اور بہت اچھی شہرت رکھتے ہیں . انھیں بہترین ریکارڈ اور تجربے کی بنیاد پر آئی جی سندھ پولیس تعینات کیا گیا ہے ۔ باخبر ذرا ئع کے مطابق آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کے خلاف کرپشن، خلاف ضابطہ تقرریاں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سمیت متعدد مقدمات سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں جس کی وجہ سے وہ صوبائی حکومت کیلئے بھی مشکلات کا باعث بن رہے تھے۔