میڈیا پر جرائم کی ڈرامائی تشکیل پر پابندی عائد

میڈیا پر جرائم کی ڈرامائی تشکیل پر پابندی عائد

PEMRA-logo

اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) پیمرا نے یکم رمضان المبارک سے جرائم کی ڈرامائی تشکیل والے پروگراموں کے نشر کرنے پر پابندی لگا دی۔ چیئرمین پیمرا ابصارعالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آغازسے تمثیل نگاری پر مبنی پروگرام روک دیئے جائیں گے اور ٹی وی چینلز پر جرائم کی ڈرامائی تشکیل والے پروگرام نہیں چلائے جائیں گے، خودکشی کے مناظر، زیادتی کے شکار شخص کے انٹرویوز اور تصویر دکھانے پر پابندی ہوگی جبکہ انٹرٹینمنٹ چینلز پر بھی قتل کی کوئی واردات نہیں دکھائی جاسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے اس برائی سے جان چھڑا لیں گے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز کو ایک ماہ کے لئے بند کر دیا جائے گا۔ چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹی وی چینلز جیسے چاہیں پروگرام نشرکریں لیکن ماہ مقدس کے تقدس کا خیال رکھیں، امید ہے کہ ٹی وی چینلز ریٹنگ کے بجائے رمضان المبارک کے تقدس کا خیال رکھیں گے۔ پیمرا چیئرمین نے کہا کہ اگر کوئی ٹی وی چینل واضح احکامات کے باوجود ایسے پروگراموں پر پابندی عائد نہیں کرتا تو پہلے مرحلے میں اس ٹی وی چینل کا لائسنس ایک ماہ کے لیے معطل کر دیا جائے گا۔ ابصار عالم کا کہنا تھا کہ اگر اس عرصے کے دوران کسی بھی ٹی وی چینل نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو پھر اس ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹی وی پر چلنے والے پروگراموں میں جرائم کی دوبارہ منظر کشی کی وجہ سے معاشرے میں جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ابصار عالم کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ متعدد سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انھوں نے جرائم کے نت نئے طریقے مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے والے پروگراموں میں جرم کی دوبارہ منظر کشی سے سیکھے ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹنگ کی آئینی اور صحافتی اصولوں کے مطابق اجازت ہوگی اور اس کے لیے شرائط وضوابط طے کیے جا رہے ہیں جو جلد ہی جاری کردیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ٹی وی چینلز پر بعض پروگراموں کے حوالے سے شکایات پر پیمرا نے تمام چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوئی ایسا پروگرام نشر نہ کریں جس سے کسی بھی شخص کی تضحیک یا شخصی توہین کا پہلو نکلتا ہو۔ ابصار عالم کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹ براڈکاسٹ سیٹلائیٹ پاکستان میں جلد ہی شروع ہو رہی ہے جس کے بعد غیر قانونی بھارتی چینلز بند کیے جا سکیں گے۔

About author