دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی . وزیراعظم نواز شریف
— October 10, 2016
اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم کی زیر صدارت (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی امور،ملک اورخطےکی صورتحال اورحکومتی کارکردگی پر مشاورت کی گئی . اجلاس میں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو مختلف چیلنجز کا سامنا تھا، ہم تمام چیلنجز پر قابو پا رہے ہیں ، دہشتگردی میں کمی اور معشیت میں بہتری آئی ، کراچی آپریشن تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے شروع کیا گیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں . وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں ، تھر کی بہتری کیلئے بھی کام جاری ہے،تھر میں کان کنی شروع ہو گئی ، کوئلے سے چلنے والا پلانٹ بھی لگ رہا ہے، جو ملکی تاریخ میں آج تک نہیں لگا. 2018 تک سسٹم میں مزید 10 ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی شامل ہو جائیگی ، ہم نے بھاشا ڈیم کی زمین کیلئے 100 ارب دیئے، اب زمین حاصل کر لی گئی . کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں کشمیریوں کی حمایت سے نہیں روک سکتی ، افسوس ہے کہ بھارت آزادی کی تحریک کو دہشتگردی کیساتھ ملا رہا ہے. برہان وانی آزادی کا سپاہی تھا اور تمام کشمیریوں کا فخر تھا ، ہم کشمیر کاز کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے.