حکومت پرنٹ میڈیا سے متعلق قوانین میں کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتی ، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی
— September 12, 2017
کراچی ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اے پی این ایس کو واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت پرنٹ میڈیا سے متعلق قوانین میں کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم اگر کسی قانون میں ترمیم کی ضرورت درکار ہوئی تو اسے اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور دیگر متعلقہ تنظیموں سے مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی حکومت کے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئین پاکستان میں درج اطلاعات اور آزادی صحافت کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل عمر مجیب شامی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کر کے مجوزہ قانون، پرنٹ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس پر پی این ایس کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔ اے پی این ایس نے وزیراعظم کے بار ے میں بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق یہ ایک سیاہ اور مذموم قانون ہے جو ملک میں آزادی اظہار کو شدید طور پر متاثر کرے گا جو میڈیا نے طویل اور صبرآزما جدوجہد سے حاصل کی ہے، اے پی این ایس نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات نے تاریخ کے کباڑخانے سے فوجی آمر جنرل ایوب خان کے نافذ کردہ بدنام زمانہ قانون کو نئی شکل میں پیش کیا ہے جبکہ میڈیا اور جمہوری قوتوں کے شدید احتجاج اور جدوجہد کے نتیجے میں پی پی او کو ختم کر کے نیوز پیپرز، نیوز ایجنسیز اور بک رجسٹریشن آرڈیننس 2002ء جاری کیا گیا تھا۔ اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو بتایا کہ مجوزہ قانون سے 18 ترمیم کی مکمل نفی ہوگی اور اسے ا ے پی این ایس اور میڈیا کی دیگر تنظیمیں مکمل طور پر مسترد کر دیں گی۔ وزیر اعظم نے اے پی این ایس کو یقین دلایا کہ آئین پاکستان کی شق19 سے متصادم کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔ دریں اثنائ کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے پرنٹ میڈیاکے لئے مبینہ پرنٹ میڈیا کنٹرول اتھارٹی کی تشکیل سے متعلق مجوزہ قانون سازی کی تردید اور مبینہ مسودہ کی تیاری کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد اور سیکرٹری جنرل اعجازالحق کے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنٹ میڈیا مکمل طور پر صحافتی ضابطہ اخلاق پر کاربند ہے جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے اے پی این ایس، پی ایف یو جے اور پریس کلب کی جانب سے احتجاج اور مذمتی بیانات کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی اتحاد کو خراج تحسین پیش کیا۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد نے مزید کہا کہ پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔