پاکستان بھر میں یوم عاشورمذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
— October 2, 2017
کراچی ( اے آ ئی اے ) پاکستان بھر میں یوم عاشورمذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا. تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملک بھر میں یوم عاشورمذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا .جس دوران حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی میدان کربلا میں عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ،ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں علم ، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس نکالے گئے ،علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوﺅں کو اجاگر کیا۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں عزاداری اور نوحہ خوانی کی گئی جس کے لئے کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، خانیوال، فیصل آباد، لیہ ، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ مختلف شہروں میں جلوسوں کی ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی کی گئی۔جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی گئی جب کہ وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا جس سے پورے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کیا جاتا رہا۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگیا، شرکا نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے،غم حسین کو یاد کرتے رہے۔یوم عاشور کا مرکزی جلو س کراچی میں نمائش چورنگی سے برآمد ہوا،اس سے قبل نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے مرکزی مجلس پڑھی، پولیس ،رینجرز اور اسکاوٹس کے دستوں کے حصار میں جلوس کے شرکا نے تبت سینٹر کے قریب نماز ظہرین ادا کی۔نماز کے بعد شرکا پھر جامع کلاتھ، لائٹ ہاﺅس اور بولٹن مارکیٹ پہنچے جہاں عزاداروں نے زنجیرزنی کی، عاشورہ کا جلوس کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔لاہورمیں گزشتہ رات نثار حویلی سے برآمد ہونے والا دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوا۔ لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اندرون موچی دروازہ کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، عزادار،غمِ حسین میں نوحہ خوانی، گریہ زاری اور ماتم داری کرتے رہے. مرکزی جلوس مسجد وزیرخان، محلہ چوہٹہ مفتی باقر، چوک نواب صاحب اور محلہ شیعاں سے ہوتا ہوا چوک رنگ محل پہنچا جہاں نمازِ ظہرین اداکی گئی۔جلوس کے شرکا نے نماز مغربین بھاٹی چوک میں ادا کی، جس کے بعد ذوالجناح کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گیا۔ ماڈل ٹاون اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت شہر کے کئی مقامات سے برآمد ہونے والے شبیہ ذوالجناح کے جلوس بھی مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہو ئے