کراچی کانفرنس کا آغاز 27 اکتوبر سے ہوگا
— October 25, 2017
کراچی ( اے آئی اے ) پانچویں عالمی تین روزہ کراچی کانفرنس کا آغاز 27 اکتوبر سے کراچی آرٹس کونسل میں ہوگا کانفرنس میں کراچی کی تاریخ شاندار ماضی حال کے علاوہ مستقبل کے مسائل پر مقالے پڑھے جائینگے، جب کہ کراچی کی تاریخی ورثے پر فلم بھی دکھائی جائے گی ان خیالات کا اظہار کر اچی کا نفرنس کی صدر ڈاکٹر اسماءابراہیم نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، کراچی کانفرنس کی سیکریٹری رومانہ حسین اور سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح کا جائے پیدائش، صوبے کے تاریخی حقائق، کراچی کی تاریخی عمارتوں کولاحق خطرات، سمندر میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور برساتی نالوں پر بے ہنگم تعمیرات کے حوالے سے بھی ماہرین اپنی رائے اور تجویز پیش کریں گے۔
کراچی کانفرنس کی صدر ڈاکٹر اسما ابراہیم نے بتایا کہ کراچی کانفرنس میں شہر کے بنیادی مسائل پر ڈاکومینٹریز دکھائی جائیں گی، ادب ، تاریخ و ثقافت سے محبت جو کراچی کی اصل روح ہے اس کے ساتھ شہر قائد کی تاریخی عمارتوں اور انکی اہمیت پر بات کی جائیگی۔ اس کانفرنس کے ذریعے کراچی کے مسائل کو اجاگرکرنے اور ان کی بہتری کے لئے متعلقہ اداروں کی توجہ حاصل کرنا مقصود ہے، سہ روزہ کانفرنس میں 27اکتوبر کو طلبا کی بنائی گئی گیارہ شارٹ فلمز کی اسکریننگ سے ایونٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ کام ہے کہ شہر کی تاریخ اورثقافت کو محفوظ کیا جائے اوراس شہر کو اپنایا جائے، آرٹس کونسل پہلے دن سے ہی شہر کی اونر شپ لیتی ہے ،سیاست کی بنیاد پر اس شہر کو تباہ نہیں کیا جا سکتا، اس شہر کا بہترین اور شاندار ماضی ہے اس کے ماضی حال اور مستقبل پر گفتگو ہوگی۔ جو لوگ بھی اس پر کام کر رہے ہیں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے،اس مرتبہ کانفرنس میں یہ موضوع زیر بحث لایا جا رہا ہے کہ شہر کے تاریخی ورثہ کو کیسے محفوظ کیا جائےاور مسائل کو کیسے حل کیا جائے۔