پاکستان میں بینک آف چائنا کی شاخ کا افتتاح ایک اہم قدم ہے ، صدر پاکستان ممنون حسین

پاکستان میں بینک آف چائنا کی شاخ کا افتتاح ایک اہم قدم ہے ، صدر پاکستان ممنون حسین

bank of china

اسلام آباد ( اے آئی اے ) صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں بینک آف چائنا کی شاخ کا افتتاح ایک اہم قدم ہے۔ اپنے جغرافیائی محل وقوع کے باعث پاکستان علاقے میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ حکومت پاکستان بینک آف چائنا کےقیام کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتی ہے۔ صدر پاکستان گزشتہ روز یہاں بینک آف چائنا کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر پاکستان نے بنک آف چائنا کی تختی کی نقاب کشائی کر کے بنک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ صدر نے کہا کہ بینک آف چائنا پاک چین اقتصادی راہداری اس تاریخی حقیقت کا اظہار ہے پاکستان اور چین نے اس خطے کی تقدیر تبدیل کرنے کے لئے جو خواب دیکھا۔ وہ اب حقیقت بن کر سامنے آرہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچیں گے۔ صدر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی اور سیاسی تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہو گی۔ چین ہمارے لئے ایک بڑے سرمایہ کار ملک کی حیثیت رکھتا ہے وہ قابل اعتماد دوست ہے۔ صدر نے کہا کہ وطن عزیز میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں کام جاری ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینک آف چائنا کا شمار دنیا کے ممتاز بنکوں میں ہوتا ہے۔ بنک آف چائنا کے آپریشنز سے پاکستان میں بینکنگ کے شعبہ کی کارکردگی بہتر ہو گی بنک آف چائنا کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور چین پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعہ پورے خطے کی قسمت بدلنے کے لئے مشترکہ طورپر کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین بنک آف چائنا کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات کی۔ چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بینک آف چائنا کی طرف سے پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بینکنگ سیکٹر کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے سی پیک کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس فلیگ شپ منصوبے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت عوام کے سماجی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے اور اس سے بھی بڑھ کر ترقی کے وعدہ کے بارے میں پرعزم ہے

About author