کراچی میں اشتہاری بورڈ سڑک کے اطراف عمارتوں پر لگانے کا فیصلہ
— December 5, 2020
کراچی ( اے آئی اے ) کراچی میں اشتہاری بورڈ سڑک کے اطراف عمارتوں پر لگانے کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں یکساں سائن بورڈز فٹ پاتھوں کے بجائے سڑک کے اطراف عمارتوں پر آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کراچی شہر کی خوبصورتی برقرار رہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( کاٹی ) کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ( کاٹی ) کے ایک وفد نے چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی زبیر چھایا کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات میں شہر کی چورنگیوں کو ختم کرنے کے اقدام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا کراچی کی تعمیر و ترقی میں صنعت کار اور تاجر برادری کے اہم کردار کے سبب ترقیاتی کاموں میں ان کی مشاورت اور تعاون چاہتے ہیں ، شہر کی چورنگیوں کو از سر نو نیلام عام کے ذریعے الاٹ کیا جائے گا کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں صنعت کاروں کا کلیدی کردار ہے ، صنعتی علاقوں کی سڑکوں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کررہے ہیں ، شہر کی چورنگیاں جن اداروں کے پا س ہیں اگر وہ دوبارہ نیلام کے ذریعے انہیں حاصل کرنا چاہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں تاہم چورنگیوں کو سب سے زیادہ بولی دینے والے اداروں کو ایک سال کی مدت کے لئے الاٹ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعت کار ہمارے لئے انتہائی محترم ہیں ، کراچی کی صنعتیں اور کارخانے شہریوں کی بہت بڑی تعداد کو روزگار فراہم کرتے ہیں اور ملک کی ترقی میں بھی ان کا کردار ہے، لہٰذا ان کے مسائل حل کئے جائیں گے کاٹی کے وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے درخواست کی کہ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی ملک و قوم کے لئے خدمات کے اعتراف میں 3 ہزار روڈ کورنگی کو ان کے نام سے موسوم کیا جائے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ان کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے والوں کی خدمات کا اعتر اف ضرور کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام سڑکوں کے سائن بورڈز کا سائز ایک جیسا کیا جائے گا اور دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح یہ سائن بورڈز سڑک کے ساتھ کسی عمارت پر نصب کئے جائیں گے کیونکہ فٹ پاتھوں پر بڑے بڑے سائن بورڈز لگے ہونے سے پیدل چلنے والوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے اور فٹ پاتھیں ناکارہ ہوگئی ہیں اس موقع پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں ، سابق صدرشیخ عمر ریحان اور دانش بھی موجود تھے