سندھ میں گریڈ 5 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لئے تحریری ٹیسٹ مستند ادارے لیں گے

سندھ میں گریڈ 5 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لئے تحریری ٹیسٹ مستند ادارے لیں گے

کراچی ( اے آئی اے ) سندھ میں گریڈ 5 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لئے تحریری ٹیسٹ مستند ادارے لیں گے تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے تمام محکموں میں میرٹ پر بھرتیوں کے لئے معزز عدلیہ کی ہدایات پر گریڈ 5 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لئے مستند اداروں سے تحریری ٹیسٹ لازمی بنانے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں ، سیسی میں بھی گریڈ 5 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لئے آئی بی اے کراچی کے ذریعے لازمی تحریری ٹیسٹ ہوں گے گذشتہ روز سیسی کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے دوران مختلف ایجنڈوں پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے مزدوروں اور محنت کشوں کو بینظیر مزدور کارڈز کا اجرا شروع کردیا ہے کراچی میں 6 ہزار سے زائد مزدوروں کو نادرا کے توسط سے کارڈز جاری کئے جا رہے ہیں ، جبکہ جولائی سے یہ سلسلہ صوبے بھر میں شروع ہوجائے گا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق 6 لاکھ سے زائد سیسی کے رجسٹرڈ مزدوروں کو ایک سال کے اندر اندر کارڈز جاری کردئیے جائیں گے، محکمہ محنت میں سیسی کے تحت چلنے والے تمام اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں محکمہ صحت کے تعاون سے کورونا ویکسین سینٹرز کھولے گئے ہیں، جہاں ہر شخص اپنا شناختی کارڈ دکھا کر مفت ویکسین لگوا سکے گا ، سیسی کے تحت رجسٹرڈ ملازمین کی صحت کی سہولتوں کو مزید وسعت دینے کے لئے ڈاؤ یونیورسٹی ہیلتھ اینڈ سائنسز اور کرن اسپتال کو سیسی کے پینل پر رکھا گیا ہے جبکہ ولیکا اسپتال کو سر سید یونیورسٹی سے ایفیلیڈ کرنے کے لئے ایم او یو پر جلد دستخط کئے جائیں گے اجلاس میں سیکریٹری محنت عبدالرشید سولنگی، کمشنر سیسی سمیت گورننگ باڈی کے تمام ارکان نے شرکت کی

About author