نادرا نے ادائیگی کا ڈیجیٹل طریقہ کار متعارف کروا دیا
— January 15, 2022
لاہور ( اے آئی اے ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) نے عوام کو سہولت دینے کیلئے ادائیگی کا ڈیجیٹل طریقہ کار بھی متعارف کروا دیا ہے تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا ) نے جاز کیش اور ایزی پیسہ کے ساتھ مل کر تمام نادرا دفاتر پر اپنی خدمات کے لئے ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے شہری اب شناختی کارڈ یا دیگر شناختی دستاویزات کے حصول کیلئے ڈیجیٹل طریقہ کار سے بھی ادائیگی کر سکیں گے نادرا کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی یہ سروس حال ہی میں نادرا سینٹرز پر کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے شروع کی گئی جس کے تحت اب نقد ادائیگی کے ساتھ ساتھ متبادل ڈیجیٹل ادائیگی کے آپشن کی سہولت کا اضافہ کر دیا گیا ہے اس سلسلے میں نادرا نے جاز کیش اور ایزی پیسہ سے اشتراک کر لیا ہے جس کی افتتاحی تقریب نادرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئی جس میں چیئرمین نادرا طارق ملک ، سی ای او جاز عامر ابراہیم اور سی ای او ایزی پیسہ محمد مدثر عاقل شریک ہوئے شہریوں کےلئے ڈیجیٹل ادائیگی کے گیٹ ویز کے اجرا کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ انہوں نے شناخت کے نظام کے لئے نادرا کو گلوبل بینچ مارک بنانے کا عزم کیا اور اس کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں کنٹیکٹ لیس ادائیگیوں کے لئے موبائل والٹس کے ساتھ نادرا کااشتراک ایک ڈیجیٹل اور دستاویزی معیشت کی جانب ایک اہم قدم ہے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کا پلیٹ فارم 20 ملین سے زیادہ ممکنہ صارفین کو ادائیگی کے آسان متبادل آپشن فراہم کرتا ہے جو پہلے ہی جاز کیش اور ایزی پیسہ دونوں کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے 655 نادرا مراکز میں روزانہ تقریباً ایک لاکھ سے زائد صارفین آتے ہیں ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کا مقصد ڈیجیٹل نیٹ پر ایک بہت بڑا کسٹمر بیس لانا ہے تاکہ انہیں ادائیگی کا ایک آسان اور محفوظ طریقہ پیش کیا جائے اور ڈیجیٹل پاکستان کی طرف موڑ دیا جائے