پاکستان میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز

پاکستان میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز


کراچی ( اے آئی اے ) پاکستان میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، وزیر محنت سعید غنی کے ہمراہ کراچی میں پاکستان کی پہلی ای وی پیپلز بس سروس کا افتتاح کر دیا ہے ۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی گھنور خان اسران ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نے ای وی پیپلز بس سروس میں سہولیات کا جائزہ لیا اور بس میں سفر بھی کیا ۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کراچی سے کیا جا رہا ہے ، یہ ماحول دوست بسیں ہیں ، جو کہ بجلی کی چارج سے چلیں گی ۔ ایک چارج سے 240 کلومیٹر کا مفاصلہ طئے کرنے کی صلاحیت رکھتیں ہیں، یورپی معیار کی ان بسوں سے کسی قسم کی آلودگی نہیں پھیلے گی ۔ آلودگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو کم سے کم کرایہ میں بہترین سفری سہولیات فراہم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بس سروس ٹینک چوک جناح ایونیو سے ایئرپورٹ ، شارع فیصل ، ایف ٹی سی ، کورنگی روڈ ، خیابان اتحاد سے کلاک ٹاور سی ویو تک چلائی جا رہی ہیں ۔ کراچی میں ایسی کوئی بس نہیں جو مسافروں کو ایئرپورٹ تک سفر کی سہولت فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری نجی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں یا نجی ٹیکسی سروس کے ذریعے ایئرپورٹ تک جاتے ہیں ، جوکہ انہیں 1500 روپے تک کرایہ چارج کرتے ہیں ۔ لیکن ای وی بس سروس میں اب شہری صرف 50 روپے میں ایئرپورٹ تک سفر کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون کی نہایت مشکور ہے ، جنہوں نے بس سروس کو ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی ہے

About author