مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی پر افسوس ہے ، مشعال ملک
— April 17, 2023
سری نگر ( اے آئی اے ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے مشعال ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں زندہ رہنے کے حق سمیت لوگوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بن کر اس صورتحال کو دیکھ رہی ہیں ۔ مشعال ملک نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے عالمی برادری کی بے حسی اور غیرمناسب رویے کی مذمت کی جسے دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل اور سب سے بڑے ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہرسمیت نظربند حریت رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کیاجنہیں تحریک آزادی کو کمزور کرنے کے لیے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں پھنسایا گیا ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے خلاف دنیا متحد ہوگئی اورایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملایا لیکن بھارت کی فسطائی حکومت کی غیر انسانی پالیسیوں پر دنیا نے خاموشی اختیار کررکھی ہے ، قابض فورسز نے وادی کو اس کے باشندوں کے لئے جہنم میں تبدیل کر دیا ہے لیکن عالمی برادری پھر بھی خاموش ہے۔