ڈبلیو ایم او کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک اور خطرناک اثر کا انکشاف
— October 17, 2023
نیویارک ( اے آئی اے ) ڈبلیو ایم او کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک اور خطرناک اثر کا انکشاف تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک اور خطرناک اثر کا انکشاف کیا ہے۔ عالمی ادارے کی جانب سے جاری اسٹیٹ آف گلوبل واٹر ریسورسز رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آبی چکر (تبخیر اور تکثیف کے ذریعے سطح زمین پر پانی کی گردش) کا توازن تیزی سے بگڑ رہا ہے۔ ڈبلیو ایم او کے سیکرٹری جنرل پروفیسر Petteri Taalas نے بتایا کہ ہم کچھ خطوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کو دیکھ رہے ہیں اور کچھ حصوں میں زیادہ پانی بخارات بن کر اڑ رہا ہے، جس سے سطح خشک ہو رہی ہے اور خشک سالی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہماری دنیا کے 50فیصد سے زیادہ آبگیری علاقوں (وہ علاقے جہاں کا پانی بہہ کر کسی دریا میں جاتا ہے) میں دریائی پانی کی سطح میں کمی آئی ہے اور زیادہ تر حصے معمول سے زیادہ خشک ہو گئے ہیں، جس کی ایک مثال چین کا دریائے Yangtze ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دوسری جانب کچھ خطے جیسے پاکستان میں گزشہ سال سیلاب کے باعث17 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔