پی ٹی اے نے ٹیلی کام سیکٹر کیلئے سائبر سیکورٹی اسٹریٹیجی جاری کردی
— December 13, 2023
اسلام آباد( اے آئی اے ) پی ٹی اے نے ٹیلی کام سیکٹر کیلئے سائبر سیکورٹی اسٹریٹیجی جاری کردی ہے تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان ٹیلی کام سیکٹر کے لئے اپنی سائبر سکیورٹی ااسٹریٹیجی جاری کر دی ہے، یہ ایک جامع منصوبہ ہے جو 2023 سے 2028 ءتک کیلئے جاری کیاگیا ہے، یہ اسٹریٹیجی نیشنل سائبر سیکورٹی پالیسی 2021کے نفاذ کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے اور ملک میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ٹیلی کام سیکٹر میں ڈیجیٹل سیکورٹی کو مضبوط کرنے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے،یہ اسٹریٹیجی چھ بنیادی ستونوں پر بنائی گئی ہے، جن میں سے ہر ایک سائبر سیکورٹی کے مخصوص پہلو کی نشاندہی کرتاہے، جیسے کہ قانونی فریم ورک، موثر سائبرماحول ، فعال نگرانی اور واقعات کا ردعمل، کیپیسیٹی بلڈنگ، تعاون اور عوامی بیداری، مجموعی طور پر یہ سب ایک جامع نقطہ نظر کی نمائندگی ہیں جو پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک موثر اور محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو یقینی بناتے ہیں، پی ٹی اے کے مطابق یہ اسٹریٹیجی پبلک اورپرائیویٹ شعبوں، ریگولیٹری اداروں، ٹیلی کام آپریٹرز، پرائیویٹ سیکورٹی فرموں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان فعال تعاون کو فروغ دینے کے لئے ملٹی اسٹیک ہولڈرکے نقطہ نظر پر زور ڈالتی ہے،اس جامع حکمت عملی کا مقصد سائبر خطرات کے خلاف ایک متحد اور جامع پروگرام بنانا ہے، اگلے پانچ سالوں میں پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی سائبر سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے پر عزم ہے، یہ اسٹریٹیجی نہ صرف سائبر سیکیورٹی کو مضبوط کرنے میں بلکہ ایک ڈیجیٹل اور محفوظ پاکستان کی جانب ایک پیش رفت ہے۔