برطانیہ میں تیار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ

برطانیہ میں تیار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ


لندن ( اے آئی اے ) برطانیہ میں تیار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ایس ایم ایم ٹی کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ برطانیہ میں تیار ہونے والی گاڑیوں کی تعداد میں ایک اور اضافے کے بعد کار پروڈکشن واپس ٹریک پر آگئی ہے۔ سوسائٹی آف موٹر مینوفیکچررز اینڈ ٹریڈرز (ایس ایم ایم ٹی) کا کہنا ہے کہ نومبر میں کار پروڈکشن میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 14.8فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 91,923کاریں بنائی گئی ہیں جو کہ گزشتہ سال نومبر کی تعداد سے 11,832زیادہ ہیں اور یہ اعداد و شمار 2020کے بعد سے اس ماہ کی بہترین کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں۔ دومیسٹک اور اوورسیز دونوں مارکیٹس کی پروڈکشن میں بالترتیب 13.4 فیصد اور 15.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایس ایم ایم ٹی کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹ گروتھ بنیادی طور پر یورپی یونین، چین اور ترکی کے ذریعے بڑھی ہے حالانکہ یورپ کو تمام شپمنٹس کا بڑا حصہ (60.8فیصد) موصول ہوا ہے، جس کی وجہ سے پورے چینل میں ٹیرف فری الیکٹریفائیڈ گاڑیوں کی تجارت کی ضرورت کو تقویت ملی ہے۔ برطانیہ میں بیٹری الیکٹرک وہیکلز (بی ای وی) پلگ ان ہائبرڈ وہیکلز (پی ایچ ای وی) اور ہائبرڈ الکٹرک وہیکلز (ایچ ای وی) کی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ نومبر میں مشترکہ حجم 20.0 اضافے کے ساتھ 35,169 تک بڑھ گیا جو کہ مجموعی مینوفیکچرنگ آؤٹ پٹ کے 38.3 فیصد کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایس ایم ایم ٹی چیف ایگزیکٹیو مائیک ہائوس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی کاروں کی پروڈکشن کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے سخت دورانیے اور اس کے نتیجے میں سپلائی چین کے چیلنجز کے بعد اب مستحکم انداز میں ٹریک پر واپس آگئی ہے۔ اب برطانیہ کی آٹوموٹیو مینوفیکچرنگ کیلئے اہم سرمایہ کاری اور پروڈکشن والیوم میں اضافے نے اس سیکٹر میں نئے سرے سے اعتماد پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کیلئے یورپی یونین برطانیہ رولز آف اوریجن ریکوائرمنٹس پر مجوزہ ڈیل کی فوری طور پر توثیق کی جانی چاہئے۔

About author