وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دیدی
— May 14, 2024
مظفر آباد ( اے آئی اے ) وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دیدی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں شدید احتجاج کے بعد آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دیدی، ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے گئے ، 20 کلو آٹے کی قیمت ایک ہزار،بجلی فی یونٹ 3روپے مقرر کردی، 100سے 300یونٹ تک 5روپے، 300سے زائد 6روپے فی یونٹ ہونگے،آٹے کا ریٹ 3100روپے من تھا جس پر 1100کی سبسڈی دیدی گئی، وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیکج خوشدلی سے منظور کیا،ریلیف عارضی نہیں مستقل ہوگا، معاملات حل کرانے میں اسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ذاتی دلچسپی لی، شہباز شریف اور صدر زرداری کا گزار ہوں۔ شہباز شریف کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر اسلام آباد میں خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد حکومت کے وزراء اور اعلی سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اور اتحادی جماعتوں کے زعماء نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں حالیہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دیدی۔ کشمیری قیادت اور جملہ شرکاء نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس فیصلے کے فوراً بعد آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔آزاد جموں و کشمیر محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گھریلو استعمال کی بجلی کیلئے ایک سے 100یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ ہوگی۔ 101سے 300 یونٹ تک 5 روپے جبکہ 300سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہو گی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کمرشل استعمال پر 300 یونٹ استعمال پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہو گی۔ 300سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہوگی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں، آج آٹا اور بجلی سستی ہو گئی ہے۔