وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دے گا ، چینی وزارت خارجہ
— June 1, 2024
بیجنگ (اے آئی اے ) وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چین پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دے گا وزیر اعظم شہباز شریف اپنے چینی ہم منصب لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے گذشتہ روز بیجنگ میں اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ دورہ چین پاکستان سدا بہار سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دے گا اور نئے دور میں مشترکہ مقدر رکھنے والی قریبی کمیونٹی کی تعمیر کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پھنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گے ا دونوں ممالک کی قیادت دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کرے گی اور چین پاکستان تعلقات کے مستقبل کی ترقی کیلئے مشترکہ طور پر منصوبہ بندی کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف گوانگ ڈونگ اور شانشی صوبوں کا بھی دورہ کریں گے۔