امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم کا بارہ جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
— July 4, 2024
لاہور ( اے آئی اے ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھیں گے ، اٹھنے کی صرف ایک شرط ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں، حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انارکی اور جلاؤ گھیراؤ نہیں چاہتے ہیں۔ اگر اسلام آباد داخلے سے روکاگیا تو ہمارے پاس پلان بی اور سی موجود ہے، ہم نے کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں عوام سے اتحاد کرلیاہے اور انہی سے مل کر دھرنا دیں گے، اسلام آباد جلاؤ گھیراؤ یا گولی کیلئے نہیں اپنا حق لینے جارہے ہیں یہ ہمارا ملک ہے، فوج اور بیوروکریسی عوام سے ہوتے ہیں، عوام کا حق لینے جارہے ہیں سب اداروں کو تعاون کرناہوگا، خواہ وہ اسلام آباد سے یا راولپنڈی سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف راضی نہیں ہوا ہے۔ گیس، بجلی ، پیٹرول کی قیمت تو بڑھا دی اب یہ سلسلہ نہیں رکے گا، عوام کی بنیادی ضروریات آٹے، چینی اور دال پر ٹیکس لگا کر وزیراعظم پاکستان کہتے ہیں مہنگائی کم ہوگئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف قوم کو ریلیف دیں اس سے پہلے کہ قوم بپھر جائے اور جانے کا راستہ بھی نہ ملے ، ہم نے حق دو تحریک کا آغاز کر دیا ہے