انگلینڈ میں این ایچ ایس انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ جونیئر ڈاکٹروں کے مذاکرات ناکام
— December 10, 2023
لندن ( اے آئی اے ) انگلینڈ میں این ایچ ایس انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ جونیئر ڈاکٹروں کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں تفصیلات کے مطابق حکومت کے ساتھ جونیئرڈاکٹروں کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد جونیئر ڈاکٹروں نے دسمبر اور جنوری کے دوران 9روزہ ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کا پہلا دور 20 دسمبر کو صبح 7 بجے شروع کیا جائےگا اور یہ ہڑتال 3 دن جاری رہے گی جس کے بعد ہڑتال کا دوسرا 6 روزہ دور 3 جنوری کوصبح 7 بجے شروع کیا جائے گا۔ نئے سال پر شروع ہونے والی ہڑتال این ایچ ایس میں ڈاکٹروں کی جانب سے کی جانے والی طویل ترین ہڑتال ہوگی۔ یہ ہڑتال ایسے وقت شروع ہوگی جو این ایچ ایس کیلئے مصروف ترین وقت شمار کیا جاتا ہے اور ان دنوں ایمرجنسی سروس عام طور پربہت دباؤ میں رہتی ہے۔ برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن تنخواہوں میں کم از کم 35 فیصد اضافہ کا مطالبہ کر رہی تھی اس کا موقف تھا یہ اضافہ 2008سے افراط زر میں ہونے والے اضافے کی شرح سے کم ہے حکومت نے اضافے کیلئے اپنی آفر کے بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ وزیر صحت وکٹوریہ اٹیکن نے جونیئر ڈاکٹروں کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور این ایچ ایس کی سروسز پر دباؤ بڑھے گا جس سے مریضوں کا تحفظ خطرے سے دوچار ہوگا۔ بی ایم اے میں جونیئر ڈاکٹروں کی کمیٹی کے شریک چیئرمین ڈاکٹر رابرٹ لارنسن اور ڈاکٹر ویویک تریودی کا کہنا ہے کہ ہم معاملات کو تیزی سے آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور اگر ہمیں مناسب آفر نہ کی گئی تو ہم ہڑتال کی کال دینے پر مجبور ہوں گے۔ 5 ہفتےکے جاںگسل مذاکرات کے دوران حکومت تنخواہوں میں مناسب اضافہ کرنے سے قاصر رہی ہے۔ این ایچ ایس میں ہڑتالیں شروع ہونے کے بعد علاج معالجے کے ایک ملین سے زیادہ اپائنمنٹس منسوخ کئے جا چکے ہیں