راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کر دئیے . احسن اقبال
— January 16, 2016
لاہور ( اے آ ئی اے ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات دور کر دئیے گئے ہیں اور اس پر اتفاق رائے ہو چکا ہے ،یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس میں کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیاجارہا ،موجودہ حکومت کی انقلابی پالیسیوں کی وجہ سے مثبت تبدیلیاں آرہی ہیں لیکن کچھ لوگوں کو یہ نظر نہیں آرہیں۔ ایکسپو سینٹر میں’’ پاکستان کوٹنگ شو ‘‘میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بیسویں صدی نعروں کی تھی لیکن اکیسویں صدی ترقیاتی کاموں کی صدی ہے ، اب جو صرف نعروں کی سیاست کرے گا وہ کامیاب نہیں ہو سکتا بلکہ کام کرکے دکھانا پڑے گا اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کام کرکے دکھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے جسکی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئی تو خزانہ خالی تھا لیکن آج بڑے بڑے منصوبوں کے لئے اربوں ، کھربوں مختص کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جو معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے اسی لئے حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کابجٹ 48سے 78ارب تک بڑھا دیا ہے