صحت کی سہولتوں کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور انڈس اسپتال میں معاہدہ

صحت کی سہولتوں کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور انڈس اسپتال میں معاہدہ

indus hospital

کراچی ( اے آ ئی اے ) صحت کی سہولیا ت کے حوالے سے کے ایم سی اور انڈس اسپتال میں معاہدہ طے پا گیا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور انڈس اسپتال کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت کراچی میں ٹی بی اور کتے کے کاٹنے سے پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں (رے بیز)کے سدباب کے لئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔ جمعہ کی صبح میئر کراچی وسیم اختر اور انڈس اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے ان یادداشتوں پر دستخط کئے، مفاہمتی یادداشت کے مطابق کے ایم سی اور انڈس اسپتال مشترکہ طور پر ٹی بی اور کتے کے کاٹنے سے ہونے والی بیماری رے بیز کے خاتمے کیلئے مہم چلائیں گے ، اس موقع پر مشیر مالیات ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل میں قائدایوان اسلم آفریدی، چیئرمین ارضیات کمیٹی سید ارشد حسن، انڈس اسپتال کے شعبہ انفیکشنز ڈیزیز کی سربراہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین، سینئر منیجر عقیقہ بتول اور دیگر بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ کراچی میں تیزی سے پھیلتی ہوئی بیماری ٹی بی کے خلاف مہم چلائی جائے گی جبکہ شہریوں کو کتے کے کاٹنے پر ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی،آوارہ کتوں کو اینٹی رے بیز ویکسین دی جائے گی اور ان کی نس بندی کی جائے گی۔ میئر نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت انڈس اسپتال،عباسی شہید اسپتال میں ٹی بی کے علاج کے لئے ایک بنیادی یونٹ قائم کرے گا جبکہ بعدازاں اس کا دائرہ کار کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔قبل ازیں انڈس اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ کراچی کے بعد ’’آؤ ٹی بی مٹاؤ پروگرام‘‘کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھا دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کے دوران 40سے زائد موبائل ایکسرے یونٹ شہر میں گشت کریں گے اور ٹی بی کے ممکنہ مریضوں کی شناخت میں مدد دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف کراچی میں 70 سے زائد مقامات پر ٹی بی کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں

About author