پانچویں ایٹمی بجلی گھر کا افتتاح , ہم نومبر 2017 کے بعد ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دینگے , وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
— September 9, 2017
میانوالی ( اے آ ئی اے ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے وطن عزیز سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ، 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کے منصوبے آئندہ سال جون سے پہلے مکمل ہو جائینگے ، بجلی کی صورتحال اب کافی بہتر ہے اور امید ہے کہ ہم نومبر 2017 کے بعد ملک سے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دینگے ، جوہری توانائی کا منصوبہ 2020 تک پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو دیئے جانیوالے 8800 میگاواٹ ہدف کے حصول کی طرف اہم قدم ثابت ہوگا۔ وہ جمعہ کو چشمہ میں پانچویں ایٹمی بجلی گھر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انکا کہنا تھا مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ دو اضافی منصوبے کے 2 اور کے 3 بھی تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں اور یہ وقت سے پہلے مکمل ہو کر ملک کو روشن کرینگے ۔ انہوں نے کہا حکومت نواز شریف کے عزم کو پورا کرنے میں ہر ممکن مدد کریگی اور یہ ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا میں دیگر چینی کمپنیوں کو بھی دعوت دونگا کہ وہ پاکستان میں نیوکلیئر پاور پلانٹ لگائیں اور اس شعبہ میں مزید سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا ہمیں یقین ہے کہ نہ صرف نیوکلیئر پاور پلانٹ میں بلکہ دور جدید میں چینی حکومت کا تعاون دونوں ممالک کیلئے قابل فخر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا ملک میں شاہراہوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ، تھرکول کو ترقی دی جا رہی ہے ، گوادر پورٹ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور ان کی مدد سے ملک کی شرح ترقی پانچ فیصد سے تجاوز کر گئی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اس سال یہ 6 فیصد کے لگ بھگ ہوجائے گی