عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون بڑھائے ، خواجہ محمد آصف
— February 13, 2016
میونخ ( اے آ ئی اے ) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون بڑھائے میونخ میں جاری سکیورٹی کانفرنس کے دوران انہوں نے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقات کی اور دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون بڑھائے کیونکہ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا فائدہ پورے خطے کو ہو رہا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے برطانوی وزیر دفاع سے ملاقات کی اور چینی فارن ریلیشنز کمیٹی کی چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی وزیر خارجہ، بیلاروس کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی ان ملاقاتوں میں سب پر واضح کیا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالہ سے عزم غیر متزلزل ہے اس کے نتائج پاکستانی عوام کے سامنے بھی ہیں اور عالمی برادری بھی اس کو تسلیم کرتی ہے۔