فیس بک نے لائک بٹن میں 5 نئے ایموجیز کا اضافہ کر دیا
— February 27, 2016
نیویارک ( اے آ ئی اے ) فیس بک نے لائک بٹن کی جگہ 5 نئے ایموجیز کا اضافہ کر دیا ہے . دنیا بھر سے فیس بک کے صارفین اب کسی بھی پوسٹ سے متعلق جذبات کا اظہار زیادہ بہتر طریقے سے کر سکیں گے ۔ فیس بک نے جن ایموجیز کا اضافہ کیا ہے ان میں لائک، پیار، ہاہا، وا، اداسی اور غصہ شامل ہیں تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ فیس بک نے اب بھی اس میں ڈس لائک بٹن شامل نہیں کیا جس کا مطالبہ صارفین ایک عرصے سے کرتے آ رہے ہیں اور شائد فیس بک انتظامیہ چاہتی ہے کہ وہ کسی بھی طرح اپنے صارفین کو منفی تاثرات دینے سے روکے رکھے۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ میں نے ایسا کرنے کیلئے اپنی ٹیم کے ساتھ بہت وقت گزارا۔ میرا ایک مقصد جذبات کے اظہار کے نئے طریقہ کار بھی لائک بٹن کی طرح سادہ اور آسان بنانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوستوں یا رشتہ داروں کے ساتھ شیئر کیا جانے والا ہر لمحہ خوشی کا نہیں ہوتا کیونکہ کسی وقت آپ کچھ ایسا بھی شیئر کرنا چاہتے ہیں جو اداسی بھرا ہو۔ صارفین کئی سالوں سے ڈس لائیک بٹن کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن اس کا مقصد صرف یہ نہیں تھا کہ وہ اپنے دوستوں کے بارے میں نفرت کا اظہار کر سکیں بلکہ لوگ اپنے جذبات کے اظہار کیلئے زیادہ آزادی چاہتے تھے۔