قومی اسمبلی میں 10 یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس کے بلزپیش
— August 2, 2023
اسلام آباد ( اے آئی اے ) قومی اسمبلی میں 10یونیور سٹیوں اور انسٹی ٹیوٹس کے بلزپیش کردیئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی سپیکرزاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں کا قیام کو ئی بری بات نہیں ،وزیر تعلیم نے کسی بل کی مخالفت نہیں کی،منگل کو قومی اسمبلی میں ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی نے مارگلہ انٹرنیشنل یونیورسٹی بل 2023 اور تھر انسٹی ٹیوٹ بل،ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کنگز یونیورسٹی اسلام آباد بل، قیصر احمد شیخ نے کنگز انسٹی ٹیوٹ آف ہائیر ایجوکیشن کراچی بل، قادر خان مندوخیل نے ببرک ادارہ برائے سائنس ، آرٹ و ٹیکنالوجی بل طاہرہ اورنگزیب نے اخوت انسٹی ٹیوٹ قصور بل اور مونارک انسٹی ٹیوٹ حیدرآباد بل، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے چناب انسٹی ٹیوٹ بل ، چوہدری ارمغان سبحانی نے انسٹی ٹیوٹ آف گجرات اور وجیہہ قمر نے فالکن یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل2023 پیش کیے ۔مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہاکہ 30یونیورسٹیوں کی چند روز پہلے بھی منظوری دی گئی آج بھی ایجنڈے پریونیورسٹیوں کے بل موجود ہیں، یونیورسٹیوں کا قیام صوبوں کا حق ہے، یہ بھی دیکھا جائے کہ کیا ان یونیورسٹیوں نے ایچ ای سی سے منظوری لی بھی ہے یا نہیں اور یہ بھی دیکھا جائے کہ کیا اسلام آباد میں ان یونیورسٹیوں کے قیام کےلئے زمین بھی موجود ہے یا نہیں۔ اس کے جواب میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کسی بل کی مخالفت نہیں کی تاہم انہوں نے کہاکہ چند دن قبل بھی 25 یونیورسٹیوں کے جو بل پیش کئے گئے ہیں سپیکرقومی اسمبلی نے ان کوہائیر ایجوکیشن کمیشن کے این او سی اورتمام قواعدوضوابط سے مشروط کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کا قیام کو ئی بری بات نہیں تاہم نئی قائم ہونے والی تمام یونیورسٹیوں کوہائیر ایجوکیشن کے این او سی اور تمام ضروری قواعد و ضوابط پورے کرنا ہوں گے۔