پولیس اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مدد کرے , ڈاکٹر سید کلیم امام
— April 19, 2019
کراچی ( اے آئی اے ) پولیس اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مدد کرے ان خیالات کا اظہار آئی جی پولیس سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ صوبائی سطح پر پولیس کے مربوط روابط اور باہمی تعاون کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلیٰ سطح کے ویڈیو کانفرنسنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر منہاج اے قدوائی نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مجموعی امور واقدامات پر اجلاس کو خصوصی بریفنگ دی آئی جی پولیس سنده نے ضلعی پولیس افسران کو احکامات دیئے کہ متعلقہ اضلاع اپنے تھانہ جات کی حدود میں ممکنہ طور پر سرگرم اتائی ڈاکٹرز / نرسنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کریں اور اس حوالے سے ہر سطح پر تمام تر مثبت اور سنجیدہ کاوشوں کو یقینی بنایا جائے جبکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ اضلاع میں اس مقصد کے لیئے مقرر کردہ پولیس فوکل پرسنز کی فہرستیں بھی فراہم کی جائیں تاکہ مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون کے ذریعے اتائی ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کے خلاف ہر ممکن اقدامات کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جاسکے آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے ہدایات دیں کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے صوبے بھر میں اتائی ڈاکٹروں / نرسنگ اسٹاف کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران بحیثیت ایک ٹیم کے ان کی بھرپور مدد اور معاونت کے عمل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ یہ انسانی زندگی اورصحت کا معاملہ ہے انسانی صحت اور زندگی سے کھیلنے والے ایسے عناصر سے کوئی رعایت ہرگز نہ برتی جائے