پاکستان کی بلند ترین عمارت بحریہ ٹائون آئیکون کا افتتاح
— January 25, 2016
کراچی (اے آئی اے ) کراچی میں تعمیر ہونے والی پاکستان کی سب سے بلند ترین عمارت بحریہ ٹائون آئیکون کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹائون آئیکون کی 62 میں سے 41 منزلیں تعمیر ہو چکی ہیں۔ بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض کے مطابق اسلام آباد میں ایفل ٹاور کے ڈیزائن پر 101 منزلہ بلڈنگ کی تعمیر بھی جلد شروع ہو جائے گی۔ بحریہ ٹائون تعمیرات کے شعبے میں نئی جہتیں متعارف کرانے میں پیش پیش ہے ، کراچی کی شاہراہ فردوسی پر ملک کی بلند ترین 62 منزلہ بلڈنگ بحریہ ٹائون آئیکون کا افتتاح ہو گیا ہے۔ کراچی میں تعمیر بحریہ ٹائون آئیکون میں 62 سٹوری سروسڈ کارپوریٹ آفسز، 40 سٹوری سروسڈ اپارٹمنٹس، ملک کا بلند ترین ٹیریسڈ ریسٹورنٹ اور ڈبل ڈیکر ہائی سپیڈ ایلیویٹرز نصب کیے گئے ہیں، پارکنگ کیلئے 7 فلورز مختص ہونگے۔ ملک ریاض حسین نے بتایا کہ گزشتہ روز لاہور اور راولپنڈی سمیت پاکستان کے کئی شہر بجلی جانے کی وجہ سے اندھیرے میں ڈوبے رہے لیکن بحریہ ٹائون روشن رہا جس کی وجہ یہ ہے کہ ہنگامی صورتحال کیلئے ہم بجلی کا بیک اپ رکھتے ہیں۔