پاکستانی عوام ویلنٹائن ڈے منانے سے گریز کریں ، صدر پاکستان ممنون حسین
— February 13, 2016
اسلام آباد ( اے آ ئی اے ) پاکستان کے صدر ممنون حسین نے پاکستانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے منانے سے گریز کریں کیونکہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں بلکہ مغرب کا حصہ ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویلنٹائن ڈے کا پاکستان کی ثقافت و روایات سے کوئی تعلق نہیں ہے اس لیے یہ دن منانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ محبت کے اظہار سے منسوب یہ دن دنیا بھر میں ہر سال 14 فروری کو منایا جاتا ہے اور حالیہ برسوں میں پاکستان کے خصوصاً بڑے شہروں میں اس دن پر نجی حیثیت میں مختلف تقریبات کا اہتمام رواج پا چکا ہے۔ یہ دن لوگ خصوصاً نوجوان نسل تحائف اور پھولوں کا تبادلہ کرنے میں گزارتی ہے اور اسی بنا پر پاکستان میں پھولوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے ویلنائن ڈے سال کے بہترین دنوں میں سے ایک ہوتا ہے۔