دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں جامعہ کراچی سمیت 6 پاکستانی جامعات شامل
— March 11, 2016
لندن ( اے آ ئی اے ) برطانوی رینکنگ ایجنسی کوئیک کواریلی سائمنڈرز(کیو ایس) نے دنیا کی ٹاپ 800 یونیورسٹیوں کی فہرست جاری کردی ہے ، جس میں جامعہ کراچی سمیت 6 پاکستانی تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔ کیو ایس کی ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ برائے 2015-2016 میں جن پاکستانی یونیورسٹیوں کو شامل کیا گیا ہے، ان میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) اسلام آباد، قائداعظم یونیورسٹی ، لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز(لمز)، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور، یونیورسٹی آف کراچی (کے یو) اور یونیورسٹی آف لاہور شامل ہیں۔ نسٹ کو انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی کیٹگری میں بھی علیحدہ سے 340 جامعات میں شامل کیا گیا ہے۔ کیو ایس کی رینکنگ تعلیمی کارکردگی (40 فیصد)، ملازمین کی کارکردگی (10فیصد)، طلبہ و فیکلٹی کی شرح ( 20 فیصد)، انٹرنیشنل فیکلٹی کی شرح ( 5 فیصد)اور غیر ملکی طلبہ کی شرح (5 فیصد) کو مدنظر رکھ کر ترتیب کی جاتی ہے۔ اس رینکنگ کا مقصد تحقیق، تدریس، روزگار اور عالمگیریت کا اندازہ لگانا ہے۔ پاکستانی یونیورسٹیوں کی رینکنگ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اسلام آباد ، قائداعظم یونیورسٹی ، لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز (لمز ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور ، یونیورسٹی آف کراچی (کے یو) ، یونیورسٹی آف لاہور ، کیو ایس رینکنگ کے مطابق دنیا کی ٹاپ 10 یونیورسٹیوں میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ہارورڈ یونیورسٹی، کیمبرج یونیورسٹی، اسٹین فورڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی کالج لندن، امپیریل کالج، ای ٹی ایچ زیورخ اور یونیورسٹی آف شکاگو شامل ہیں۔