ڈیجیٹل چینلز سے بینک اکاؤنٹس کھولنے کیلیۓ اسٹیٹ بینک نے ‘‘کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک’’ تشکیل دے دیا
— September 16, 2021
کراچی ( اے آئی اے ) ڈیجیٹل چینلز سے بینک اکاؤنٹس کھولنے کیلیۓ اسٹیٹ بینک نے ‘‘کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک’’ تشکیل دے دیا ہے تفصیلات کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ فریم ورک کی کامیابی کی بنا پر اسٹیٹ بینک نے ایک جامع ‘‘کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک’’ تشکیل دیا ہے جس سے بینکوں اور مائیکروفنانس بینکوں کو ڈیجیٹل چینلز جیسے ویب سائٹس و پورٹل ، موبائل ایپلی کیشنز ، ڈیجیٹل کیوسک وغیرہ کے ذریعے ملک میں مقیم پاکستانیوں کے بینک کھاتے آسانی اور دور بیٹھے کھولنے کی سہولت ملے گی اس فریم ورک کے تحت اکاؤنٹ کھولنا تیز رفتار اور سادہ عمل ہوگیا ہے ، اس کے ساتھ قابلِ اطلاق ضوابطی تقاضوں اور بین الاقوامی معیارات کی تعمیل بھی یقینی بنائی جائے گی ، اس فریم ورک سے معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے بینک اکاؤنٹ کھولنا آسان ہو جائے گا یہ خاص طور پر فری لانسر افراد، ذاتی کاروبار کرنے والی یا بے روزگار خواتین اور بیرونِ ملک سے ترسیلات وصول کرنے والے افراد کو یہ سہولت دے گا کہ وہ ڈیجیٹل طریقے سے بینک اکاؤنٹ کھولیں جس میں دستاویزات کی کم از کم ضرورت ہو ، یہ اقدام معاشرے کے محروم طبقوں کو باضابطہ بینکاری کے شعبے میں لائے گا جس سے اسٹیٹ بینک کے مالی شمولیت کے مقاصد کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی ، متعلقہ فریقوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد اس فریم ورک کو حتمی صورت دی گئی ہے ، اگرچہ عموماً اکاؤنٹس سیونگز یا کرنٹ اکاؤنٹ کے طور پر کھولے جا سکتے ہیں تاہم فریم ورک میں عملی حدود ، جن میں ڈپازٹس یا رقم نکلوانے کی حد ، رقوم منتقل کرنے کی حد وغیرہ شامل ہیں، کی بنیاد پر چار زمروں اور اکاؤنٹ کھولنے کیلئے مطلوبہ دستاویزات کی نشاندہی کی گئی ہے ان زمروں میں ‘آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ’، ‘آسان ڈیجیٹل ریمی ٹنس اکاؤنٹ’، ‘فری لانسر ڈیجیٹل اکاؤنٹ’ اور ‘ڈیجیٹل اکاؤنٹ شامل ہیں اسٹیٹ بینک نے اس فریم ورک کے تحت اس امر کو یقینی بنانے کیلئے بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام کاغذات جمع کرانے کے دن سے دو ایّامِ کار کے اندر ان اکاؤنٹس کو کھولنے یا درخواست رد کرنے کا فیصلہ کیا جائے جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے مزیدبرآں، بینک/ مائیکروفنانس بینک درخواست گزاروں کو ٹریکنگ نمبر جاری کرنے کے بھی پابند ہوں گے تاکہ درخواست گزار اپنی درخواستوں کی صورت حال سے آگاہ رہ سکیں الیکٹرانک بینکاری چینلز کے استعمال میں خصوصاً کووڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران تیزی سے اضافے کے ساتھ بینکوں اور صارفین کی جانب سے ڈیجیٹل مالی لین دین کی طلب میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے