ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں ، 34جاں بحق
— August 7, 2023
نوابشاہ ( اے آئی اے ) ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں ، 34جاں بحق تفصیلات کے مطابق کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی 10بوگیاں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئیں جسکے نتیجے میں 34جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 100مسافر زخمی ہوگئے، حادثہ دوپہر ایک بجکر 15منٹ پر نوابشاہ کے قریب پیش آیا، حادثہ کے بعد جائےوقوع پر قیامت صغریٰ کا منظر تھا، جاں بحق افراد کے جسموں کے ٹکڑے بکھرئے تھے، لوگ دیوانہ وار اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے، حادثے کےبعد ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی جس کی بحالی کیلئے سرگرمیاں جاری ہیں، زخمیوں کو اسپتالوں میں پہنچانے کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ سانگھڑ اور نوابشاہ ڈسٹرکٹ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،ٹرین ڈرائیور نے بتایا کہ ٹرین میں مجموعی طورپر 19 بوگیاں تھیں جس میں سے 10 حادثےکا شکار ہوئیں، ٹرین کو حادثہ ایک بج کر 15منٹ پر پیش آیا۔دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والا حادثہ کوئی تخریب کاری بھی ہو سکتی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا ہزارہ ایکسپریس حادثے میں متعددافراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔سعد رفیق کا کہنا تھا ٹرین کی رفتار مناسب تھی اور ٹرین جب حادثے کا شکار ہوئی تو 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی لیکن پہلے ریلیف اور پھر تحقیقات ہوں گی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔